• news

جاپان‘ پاک چین اکنامک کوریڈور میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے: سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) چین کے صدر شی چن پنگ کے پارلیمنٹ سے خطاب پر پاکستان میں موجود غیر ملکی سفیروں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چینی صدر کی تقریر کو اعلیٰ قرار دیا۔ نوائے وقت نے امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن سے استفسار کیا کہ آپ چینی صدر کی تقریر پر کیا کہیں گے تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’تقریر اچھی تھی‘‘۔ ترکی کے سفیر نے کہا کہ ’’چینی صدر نے بہت عمدہ تقریر کی‘ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہو گا۔‘‘ کیوبا کے سفیر نے چینی صدر کی تقریر کو سراہا اور کہا کہ ’’چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا۔‘‘ جاپان کے سفیر نے کہا کہ ’’چینی صدر نے اچھی تقریر کی ہے‘‘ ان سے پوچھا گیا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور پر ان کا کیا ردعمل ہے تو جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان اس اقتصادی منصوبے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے بھی چینی صدر کی تقریر کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن