ماضی میں غلط استعمال ہوتا رہا‘ ای سی ایل پر نئی پالیسی بنائی جائے گی: نثار
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عوام کو سہو لیات فراہم کرنے کے لیے ای سی ایل کیلئے نئی پا لیسی بنا ئی جائے گی ایسی پالیسیاں مرتب کی جانی چاہئیں جن سے ٹیکس ادا کرنے والے اور قانون کی پابندی کرنے والے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے، صرف روشن خیال، شفاف، فعال اور موثر پالیسیوں سے ہی عوام کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے جبکہ اسلحہ لائسنس کے اجرائ، بلٹ پروف گاڑیوں کی اجازت، سیکورٹی کمپنیوں کے معاملات اور ای سی ایل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے چار کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ان سے سات روز میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ایگزٹ کنٹرول لسٹ، بلٹ پروف گاڑیوں کی اجازت، اسلحہ لائسنسوں کے اجراء اور سیکورٹی کمپنیوں سے متعلقہ موجودہ پالیسیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیر داخلہ نے خطاب میں کہا کہ سابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا غلط استعمال کیا جاتا رہا۔ اس میں سے افراد کی مرضی اور خواہشات کے مطابق لوگوں کے نام نکالے اور ڈالے جاتے رہے، ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے ایک مناسب نظام وضع کیا جانا چاہیے جبکہ اس کے لئے پیرا میٹرز بھی واضح ہونے چاہئیں۔ بلٹ پروف گاڑیوں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی فرد کو ایسی گاڑی خریدنے کی اجازت دینے کے لئے طریقہ کار ہونا چاہیے جبکہ وزارت کے اندر جائزہ کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایسی درخواستوں کی خفیہ اداروں کو بھجوائے بغیر اس کی جانچ پڑتال ہو سکے۔ یہ بات حیران کن ہے جو لوگ بمشکل کوئی ٹیکس ادا کرتے ہیں وہ بھی اس سہولت کے خواہشمند ہیں۔ ان گاڑیوں کے تیل کا خرچ ہی لاکھوں روپے میں ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف وہی لوگ ایسی سہولتوں سے مستفید ہونے چاہئیں جو باقاعدہ ٹیکس ادا کرتے ہیں اور انہیں سیکورٹی کے حقیقی خطرات لاحق ہیں۔ہمیں ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی جو بلٹ پروف گاڑیوں کو نام نہاد شہرت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی کمپنیوں کی کمائی اور اپنے ملازمین کو دیئے جانے والے معاوضہ کا آپس میں ربط ہونا چاہیے جبکہ انہوں نے تجویز دی کہ سیکورٹی کمپنی کے ملازمین کی انشورنس بھی لازمی ہونی چاہیے۔