• news

مقبوضہ کشمیر کو پاکستان چین کا حصہ دکھانے پر ’’الجزیرہ‘‘ ٹی وی کی بھارت میں نشریات بند

نئی دہلی (اے ایف پی +نیٹ نیوز) بھارت میں نریندر مودی کی انتہا پسند ہندو حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو نقشے میں پاکستان اور چین کا حصہ دکھانے پر 5 روز کیلئے ملک بھر میں قطر کے الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بند کر دیں۔ بھارت بھر میں بدھ کے روز الجزیرہ کے نیوز چینل کی جگہ ٹی وی سکرین نیلی دکھائی دی جس پر درج تھا کہ چینل کی نشریات وزارت اطلاعات کی ہدایت پر پیر تک کیلئے دستیاب نہیں ہونگی۔ چینل کی نشریات بند کرنے کا حکم انٹرمنسٹریل کمیٹی نے وزارت اطلاعات کو دیا تھا۔ الجزیرہ کے نئی دہلی میں بیورو چیف انمول سکینہ نے صحافیوں کو بتایا کہ پابندی اٹھوانے کیلئے وزارت اطلاعات سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور انہیں نقشے کے تنازع کے حوالے سے بریفنگ دی جا رہی ہے امید ہے نشریات پر پابندی اٹھا لی جائیگی۔ واضح رہے کہ بھارت جس نے آدھے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے اپنے ہاں جاری سرکاری اور پرائیویٹ نقشوں میں پورے کشمیر کو اپنا حصہ دکھاتا ہے اس سے قبل 2011ء میں بھارتی حکومت نے ’’اکانومسٹ‘‘ جریدے کو کشمیر والا ’’متنازعہ‘‘ نقشہ شائع کرنے سے روک دیا تھا جس پر اکانومسٹ نے احتجاجاً کشمیر کا نقشہ ایل او سی پر سٹکر لگا کر شائع کیا اکانومسٹ جنوبی ایشیا کے بیورو چیف ایڈم رابرٹس نے الجزیرہ ٹی وی کے خلاف بھارتی حکومت کی کارروائی پر ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو سمجھ لینا چاہئے کہ اس کے یہ اقدامات کس قدر احمقانہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن