امام کعبہ شیخ خالد بن علی الغامدی آج 7 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گے
لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+آئی این پی) امام کعبہ شیخ خالد بن علی الغامدی (آج) جمعرات کو 7 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گے۔ امام کعبہ شیخ خالد الغامدی حکومت پاکستان کی خصوصی دعوت پر جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے۔ امام کعبہ اپنے دورہ کے دوران سعودی حکومت اور پاکستانی عوام کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرینگے۔ پاکستانی سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں میں خطے میں موجود حالیہ کشیدگی اور یمن کی صورتحال پر بھی غور کیا جائیگا۔ امام کعبہ 4 روز لاہور اور 3 روز تک اسلام آباد میں گزاریں گے۔ وہ لاہور میں قیام کے دوران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خصوصی کھانے، پولیو کے خاتمے کے سیمینارز میں شرکت کرینگے۔ امام کعبہ کا حالیہ صورتحال میں دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، سعودی وزیر مذہبی امورکے بعد یہ دوسرا اہم دورہ ہے۔ جس کا مقصد سعودی حکومت کی براہ راست پاکستانی عوام سے قربت بڑھانا ہے۔امام کعبہ آج شام لاہور پہنچیں گے۔ ائر پورٹ پر اہم حکومتی شخصیات سمیت سینیٹر پروفیسر ساجد میر، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ان کا استقبال کریں گے ہفتہ کے روز گورنر اور وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں ہونگی۔ امام کعبہ اتوار کے روز مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکز 106 راوی روڈ میں نماز ظہر پڑھائیں گے۔