پی ٹی آئی والوں کی تنخواہیں روکنا ثابت کرتا ہے وہ رکن پارلیمنٹ نہیں رہے: فضل الرحمن
اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ چینی صدر کے دورہ پا کستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور سمندر سے زیادہ گہری اور پہاڑوں سے بلند دوستی اور مضبوط ہوگی۔ چینی صدر نے اپنے خطاب میں جن جذبات کا اظہار کیا ہے اس سے عوام میں خوشی کی لہر ہے اور عوام کے لئے باعث اطمینان ہے۔ پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چین کے ساتھ جو اربوں ڈالرزکے معاہدے ہوئے ہیں اس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا اور حکومت نے منصوبہ بندی کے ساتھ عملی جامہ پہنایا تو پاکستان ترقی کی منزل کے قریب تر ہو گا اور ملک میں ترقی اور خوشحالی کا نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اقتصادی راہداری سے پاکستان کی وسط ایشیا اور یورپ تک رسائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفے دینے والے اب آئین اور قانون کی رو سے اسمبلی کے ممبرز نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں پر اسپیکر کی رولنگ غلط ہے انہوں نے کہا کہ سپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کی تنخواہیں روکنا اس بات کی دلیل ہے کہ اب یہ لوگ پارلیمنٹ کا حصہ نہیں رہے۔ سپیکر آئین کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے اراکین کو فروغ کریں۔