• news

چین کے تعاون سے ترقی کا شاندار سفر شروع ہو گیا: 46 ارب ڈالر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے جان لڑا دینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کو 46ارب ڈالر کا تاریخی اقتصادی پیکیج دے کر جو احسان کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ چین کے صدر، وزیراعظم اور چینی قیادت کی جانب سے 46ارب ڈالر کا تاریخ ساز پیکیج پاکستان کی کسی ایک اکائی کیلئے نہیں بلکہ 18کروڑ پاکستانیوں کیلئے عظیم تحفہ ہے اور اس سے قومی یکجہتی، باہمی محبت، اخوت اور یگانگت بڑھے گی۔20اپریل کا دن پاکستان کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے جو قوموں کی زندگیوں کا دھارا بدل سکتا ہے اور ایسے دن قوموں کی زندگیوں میں بہت کم آتے ہیں۔ 20اپریل کا تاریخ ساز دن پاکستانی قوم کی ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہے۔ 17برس قبل وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا تھا اور اب پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے ناقابل تسخیر بنانے کا اعزاز بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کو حاصل ہورہا ہے۔ میں46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخی پیکیج پر وزیراعظم نوازشریف اور پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے قوی امید ہے کہ چینی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کی تقدیر بدلے گی۔ پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔ اس مقصد کیلئے ہمیں امانت، دیانت اور محنت کے سنہری اصولوں کو اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔ چینی صدر کے دورے کے دوران طے پانے والے 46 ارب ڈالر کے معاہدوں پر عملدرآمد اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے جان لڑا دیںگے اور وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کردم لیں گے۔ چین کے تعاون سے ترقی وخوشحالی کے شاندار سفر کا عظیم آغاز ہوا ہے اور انشاء اﷲ اختتام بھی عظیم ہوگا۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ اربوں ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کو چین کے بینکوں نے فنانس کیا ہے۔ منصوبوں کی مکمل مانیٹرنگ ہوگی اور تیز رفتاری سے عملدرآمد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ 20اپریل کا دن بلاشبہ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور 46ار ب ڈالر کا اقتصادی پیکیج ہماری شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے جس پر سیاسی رفقاء اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ چینی قیادت نے بھی برملا اعتراف کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے معاہدوں کو حتمی شکل دینے میں دن رات محنت کی ہے اور اس کا کریڈٹ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت اور تمام سیاسی و انتظامی ٹیم کو جاتا ہے جن کی انتھک محنت رنگ لائی ہے۔ چین نے اتنا بڑا اقتصادی پیکیج دنیا کے کسی بھی ملک کو نہیں دیا۔ چین کے پاس نہ تیل ہے نہ گیس بلکہ یہ ان کی محنت کی کمائی ہے جو انہوں نے اپنے دوست ملک پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور معاشی طورپر مضبوط بنانے کے لئے دی ہے۔ چین نے آج تک کسی بھی ملک میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان نہیں کیا اور یہ اعزاز وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پوری قوم کو حاصل ہوا ہے کہ چین نے ایک مشکل وقت میں ہمارا ہاتھ تھاما ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو معاشی طورپر مضبوط بنانے کے لئے دن رات ایک کر دیں۔ ہم ان معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت پورے پاکستان میں 10400میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں جن میں سے پنجاب میں کوئلے کی بنیاد پر ساہیوال میں 1320میگا واٹ، قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 1000سولر پاور کے منصوبے جبکہ مقامی کوئلے سے سالٹ رینج میں 300میگا واٹ کے منصوبے لگائے جائیں گے جن پر 4.2ارب ڈالر صرف ہوں گے اور مجموعی طو رپر 2620میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ چین نے صرف توانائی سیکٹر میں 20ارب ڈالر کے معاہدے کئے ہیں۔ چین کے تعاون سے توانائی کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیں گے کیونکہ توانائی ہوگی تو ہماری صنعتوں کا پہیہ رواں دواں ہوگا ،کھیت ہرے بھرے ہوںگے ، زراعت ترقی کرے گی۔ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی، روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ امپورٹ و ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا، غربت میں کمی آئے گی اور ہم اپنے ہمسایہ ملک سے معاشی میدان میں مقابلے کے قابل ہوں گے۔ توانائی، توانائی اور صرف توانائی ہی ہماری پہلی ترجیح ہے اور ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے ہر ضروری اقدام کر رہے ہیں۔ 20اپریل کا دن پوری قوم کے لئے خوشی کا دن ہے اور ہمیں شکر کے لئے اﷲ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہونا چاہیے۔ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کا نادر موقع ہے اور امتحان بھی، جسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ سعودی عرب بھی پاکستان کا ایک انتہائی مخلص دوست ہے اور انہوں نے بھی مشکل میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے اسی طرح متحدہ عرب امارت کے شیخ زید نے بھی پاکستان کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میٹرو اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ بھی چینی قیادت کا ایک عظیم تحفہ ہے۔ 1.47ارب ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ 27ماہ میں مکمل ہوگا اور اس کا روٹ 27کلو میٹر طویل ہے جس کا 25کلو میٹر معلق ہوگا۔ چین کی ترقی ہمارے لئے رول ماڈل ہے اور ہمیں اس سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں او راگر امریکہ ہمارا خیر خواہ ہے تو اسے چینی سرمایہ کاری کے نتیجے سے پاکستان سے غربت، بیروزگاری او راندھیرے دور ہونے سے خوش ہونا چاہیے۔ چینی سرمایہ کا ری سے پاک امریکہ تعلقات پر کوئی فرق نہیں آئے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اکنامک کوریڈور کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور اس بڑے معاشی منصوبے سے پورا ملک مستفید ہوگا۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سولر پاور کے منصوبے جلد لگائے جا سکتے ہیں، 900میگا واٹ کے سولر منصوبوں میں سے 300 میگا واٹ کے منصوبے اسی سال مکمل ہو جائیں گے، پن بجلی کے منصوبے زیادہ وقت لیتے ہیں اس لئے یہ منصوبے بھی 2019-20 تک مکمل ہوں گے۔ اگر ہم توانائی کے 90فیصد منصوبے 2017-18تک بھی مکمل کر لیں تو یہ توانائی کے شعبے میں بڑا انقلاب ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو اندھیروں اور مسائل کے چنگل سے نکالنے کے لئے افواج پاکستان، پولیس، تمام اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان کے بڑے سرمایہ کاروں کو بھی اب پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے میدان عمل میں آنا چاہیے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کا پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا خواب اب عملی تعبیر پائے گا۔ چین پاکستان کا سٹریٹجک پارٹنر ہے - چینی باشندوں کی پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیاسی و عسکری قیادت نے چینی حکام کو یقین دلایا ہے کہ جس طرح چین نے ہمارے قومی مفاد میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اسی طرح یہاں کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے لئے بھرپور انتظام کیا جائے گا اور انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور اس ضمن وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چین کے صدر کو چینی باشندوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چین ہماری مدد کو آیا ہے ہندوستان کو اس پر واویلا نہیں کرنا چاہیے اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، چین اور امریکہ کے صدور کے دورہ بھارت کے موقع پر ہم نے کوئی واویلا نہیں کیا تھا اسی طرح بھارت کو بھی شور مچانے کی بجائے معاشی میدان میں مقابلے کے لئے تیار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جہد مسلسل سے محنت کر کے آگے بڑھیں گے اور پاکستان کے دن بدل جائیں گے۔ ا ندھیرے ختم ہوںگے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بیش قیمت اور لازوال قربانیوں کو سراہا اور ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی تعریف کی۔ ملاقات میں صوبہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر اور تیز رفتاری سے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں، جوانوں، پولیس حکام ، اہلکاروں اور عام شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی چن چن کر خاتمہ کریں گے۔ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا مکمل صفایا کرکے دم لیں گے۔ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور بروقت اقدامات کئے ہیں اور قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیا گیا ہے۔ پاک افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے موثر اقدامات کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن کیا جارہا ہے اور پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی اور ملک دشمنوںکے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے موجودہ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیںاوران غیر معمولی اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔مزید براں شہباز شریف سے گذشتہ روز افغاستان کے صدر اشرف غنی کے نمائندے سید سلمان سداد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور افغانستان میں تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے علاقہ شکور آباد میں گرلز سکول کی چھت گرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مزید براں شہباز شریف نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے بزرگ رہنما و میڈیکل ہیرالڈ کے چیف ایڈیٹر مبارک احمد اور عدالت عالیہ کے سابق جسٹس پرویز احمد کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن