• news

پاکستان اور ایران کا دو سرحدی مقامات تجارت کیلئے کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ایران نے ترجیحی تجارت کے سمجھوتے کو وسعت دینے کے لئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک ایران تجارتی کمیٹی کا اجلاس تہران میں ہوا۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اجلاس میں دوطرفہ تجارت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ تجارت میں سہولت پیدا کرنے کا پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ دوطرفہ تجارت کو ایک بلین ڈالر سے بڑھا کر 5بلین ڈالر کیا جائے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی‘ ٹرک اور بحری راستوں سے روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دو سرحدی مقامات تجارت کے لئے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان سے درآمدات پر پابندی‘ ٹیکسٹائل پر زیادہ ٹیرف پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے  کہا کہ گوادر نواب شاہ گیس پائپ لائن پاک چین ٹریڈ کوریڈور کا حصہ ہے۔ پاکستان گوادر سے ایرانی سرحد تک پائپ لائن بنائے گا۔ وزیر تجارت نے ایرانی وزیر خزانہ سے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن