خیبر پی کے، چیف الیکشن کمشنر نے تین ریٹرننگ آفیسرز کو معطل کردیا
اسلام آباد (خبرنگار) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے از خود نوٹس لیتے ہوئے خیبر پی کے کے تین ریٹرننگ آفیسرز کو معطل کرکے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر پیسکو نوشہرہ کلاں، ایگزیکٹو انجینئر پیسکو نوشہرہ کینٹ اور ایگزیکٹو انجینئرسوئی ناردرن گیس نوشہرہ کیخلاف عوامی شکایات تھیں کہ وہ صوبائی الیکشن کمشن سے تعاون نہیں کر رہے اور صوبائی الیکشن کمشن کو پولنگ سٹیشنز کی تفصیل سمیت دیگر ڈیٹا مہیا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ ریٹرننگ افسران کا رویہ الیکشن میں رکاوٹ کے مترادف ہے جوکہ الیکشن کو ڈی ریل ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔تینوں افسران کو 30اپریل کو الیکشن کمشن آف پاکستان میں خود پیش ہوکر جواب داخل کرانے کا حکم دیاگیا ہے۔واضح رہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن کمشن نے کسی بھی ریٹرننگ افسر کے خلاف فرائض سے کوتاہی برتنے پر براہ راست کارروائی کا حکم دیا ہے جوکہ الیکشن کمشن کی انتخابی عمل میں اپنی بالا دستی مزید مضبوط بنائیگا اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔