رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ کے دوران وفاق کا بجٹ خسارے، چاروں صوبوں کے سرپلس رہے
لاہور (احسن صدیق) وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2014-15 میں جولائی سے دسمبر (6ماہ) کے دوران وفاق کا بجٹ خسارے سے دوچار رہا جس کا حجم 6کھرب 51 ارب 82 کروڑ 30لاکھ روپے رہا جبکہ چاروں صوبوں کے بجٹ سرپلس رہے، رپورٹ میں کہا گیا رواں مالی سال کے لئے 6 ماہ میں وفاق کی آمدنی کا مجموعی حجم 17کھرب 49 ارب 8کروڑ 70لاکھ روپے رہا جس کے مقابلے میں اتنی مدت کے دوران کئے جانیوالے اخراجات کا حجم 24 کھرب 91 کروڑ روپے رہا ہے، پنجاب کا رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ کیلئے بجٹ 61 ارب 11کروڑ 80لاکھ روپے سرپلس رہا۔ پنجاب کی مجموعی آمدنی کا حجم 4 کھرب 12 ارب 54کروڑ 80لاکھ روپے اور اس کے مقابلے میں اخراجات کا حجم 3کھرب 51 ارب 43 کروڑ روپے رہا، سندھ کا رواں مالی سال کا 6ماہ کیلئے بجٹ 41 ارب 38 کروڑ 10لاکھ روپے رہا ہے آمدنی کا مجموعی حجم 2کھرب 49ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے رہا جبکہ اخراجات کا حجم2کھرب 8ارب 46کروڑ 80لاکھ روپے رہا، خیبر پی کے کا رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ کے لئے بجٹ 15 ارب 89 کروڑ 40لاکھ روپے سرپلس رہا، اس کی آمدنی کا مجموعی حجم ایک کھرب 41 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے رہا جبکہ مجموعی اخراجات کا حجم ایک کھرب 25 ارب 48 کروڑ 30 لاکھ روپے رہا، بلوچستان کا پہلے 6ماہ کے لئے بجٹ 24 ارب 93 کروڑ 10لاکھ روپے سرپلس رہا اتنی مدت کے دوران آمدنی کا مجموعی حجم 93 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ روپے رہا جبکہ اخراجات کا حکم68 ارب 28 کروڑ 40لاکھ روپے رہا۔