• news

صدر ممنون 4 روزہ دورہ پر ترکی پہنچ گئے ‘ شاندار استقبال

اسلام آباد+ انقرہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ چینی صدر کے پاکستان کے تاریخی دورے سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے چائنا تھری گارجیز کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے چئیرمین بورڈ آف چائنا تھری گارجیز کمپنی لو چن کی سربراہی میں صدر سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر ممنون نے کمپنی کی جانب سے پاکستان میں مختلف منصوبوں خصوصاً بڑے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ چائنا تھری گارجیز کمپنی پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ہائیڈرو، ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ انھوں نے اس ضمن میں حکومت پاکستان کے ہر طرح کے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفد نے پاکستان میں سی ٹی جی سی کے مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں کے بارے میں بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور چائنا تھری گارجیز کارپوریشن کے درمیان شئیرہولڈرز معاہدہ بھی طے پایا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین بھی موجود تھے۔ بعدازاں صدر ممنون حسین 4 روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے۔ وہ وہاں ترکی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جبکہ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے قائم مقام صدر کا چارج سنبھال لیا۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین خصوصی طیارے سے جب استنبول ائرپورٹ  پہنچے تو انکا شاندار استقبال کیا گیا۔ استنبول کے گورنر، ترکی کے وزیر عدل و انصاف، ترکی میں پاکستان کے سفیر اور اعلیٰ سطح کے وفد نے صدر مملکت کو خوش آمدید کہا۔ صدر ممنون حسین چناکلی جنگ کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کیلئے اپنے ترک ہم منصب کی دعوت پر ترکی گئے ہیں۔ اپنے دورہ ترکی کے دوران صدر مملکت ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کی آذربائیجان، ترکمانستان اور البانیہ کے صدور سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ترک صدر تقریبات میں شریک مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے جس میں صدر مملکت ممنون حسین بھی شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن