• news

افغان طالبان کا کل سے ملک بھر میں نئے حملے شروع کرنے کا اعلان

کابل (آئی این پی)افغان طالبان نے 24 اپریل سے ملک میں نئے حملے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تازہ حملوں میں غیر ملکی فورسز، مغرب نواز حکومتی اہلکاروں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔افغان میڈیا کے  مطابق طالبان نے میڈیا کو ای میل کے ذریعے بھجوائے گئے بیان میں  اعلان کیا ہے کہ وہ24 اپریل سے تازہ حملوں کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔طالبان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ان تازہ حملوں میں غیر ملکی فورسز، مغرب نواز حکومتی اہلکاروں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ’عزم‘ نامی یہ نئی عسکری مہم 24اپریل کو صبح 5 بجے شروع کی جائے گی۔ طالبان موسم سرما کے بعد ہر سال موسم بہار میں اپنی پرتشدد کارروائیوں کو تیز تر کر دیتے ہیں۔ تاہم اس سال پہلی مرتبہ افغان فورسز کو اکیلے ہی ان حملوں کا مقابلہ کرنا ہو گا کیونکہ افغانستان میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا فوجی مشن گزشتہ برس کے اختتام پر مکمل ہو گیا تھا۔ افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے قائم مقام گورنر عطا محمد نور نے کہا ہے کہ پاکستان کا افغان امن عمل میں مخلصانہ تعاون دونوں ممالک میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان  تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔  مزار شریف میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا محمد نور کا کہنا تھا کہ مخلصانہ باہمی تعاون دونون ہمسایہ ممالک میں سیکورٹی استحکام کو یقینی بنانے میں مدد دے گا۔ پاکستانی سفیر  سید ابرار حسین بھی موجود تھے۔ نور محمد کا مزید کہنا تھاپاکستان سے فرار ہونے والے عسکریت پسند بلخ میں حالیہ دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے ۔انھوںنے کہاکہ ہم شمال میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو ختم کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء پاکستانی سفیر نے عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔سید ابرار حسین نے کہاکہ دہشتگردی ،انتہاپسندی اور عدم تحفظ ہمارے دشمن ہیں جن کے خلاف مل کر لڑنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن