• news

کمتر حیثیت ، وسائل کی کمی کے باعث خواتین ناانصافی کے خلاف آواز بلند نہیں کرتیں، فوزیہ وقار

لاہور(رفیعہ ناہیداکرام)ویمن کمیشن پنجاب کی چیئرپرسن فوزیہ وقارنے کہاہے کہ ہماری عورت کاسب سے بڑامسئلہ گھریلوتشدد ہے جب تک خواتین کو معاشی خودمختاری حاصل نہیں ہوگی وہ کبھی مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتیں مگریہاںتووراثتی زمین عورت کے نام پرمنتقل ہوجانے کے باوجود اسے قبضہ نہیں ملتا وہ اپنے ہی وسائل پراختیارنہیں رکھتی، گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگومیں انہوںنے کہاکہ ہماری خواتین معاشرے میں کمترحیثیت اور وسائل کی کمی کے باعث اپنے خلاف ناانصافی پرآوازبلندنہیں کرسکتیںجس سے ظلم کاسلسلہ رکتانہیں ہے ۔ حالت یہ ہے کہ پنجاب کے دوردرازکے اضلاع کی خواتین ہی نہیں سرکاری ملازمین بھی ویمن پیکج سے آگاہ نہیں جس کی وجہ سے عملدرآمد سست روی کاشکارہے تاہم اب کمیشن خواتین کے وراثتی حقوق کے قانون ، عائلی قوانین میں ترمیم اور برتھ رجسٹریشن کی فیس معافی کیلئے آگاہی پوسٹرزتیارکررہاہے تاکہ گراس روٹ لیول تک عوام اور بالخصوص خواتین کوحکومتی اقدامات سے آگاہی حاصل ہوسکے ۔ انہوںنے کہاکہ گھریلوتشدد، تیزاب پھینکنے اور غیرت کے نام پرقتل کے قوانین میں ترمیم ضروری ہے ۔ تشددکی شکار خواتین کیلئے ہیلپ لائن کے حوالے سے انہوںنے بتایاکہ اب تک اٹھارہ ہزار کالز آچکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن