عابد شیر کی بہاولپور میں کھلی کچہری، عوامی شکایات پر ایس ڈی او، 5 میٹر ریڈر اور انسپکٹر معطل
بہاول پور + فتح پور (نامہ نگار + صباح نیوز) عوام کو تنگ کرنے والے افسران و اہلکاران کو معاف نہیں کیا جائیگا عوام کے مسائل کے حل کیلئے بہاول پور آیا ہوں جب تک آخری سائل کی شکایت کا ازالہ نہ کرلوں واپس نہیں جائونگا عوامی شکایات پر ایک ایس ڈی او سمیت پانچ میٹر ریڈرز اور انسپکٹر کو معطل کردیا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے ڈرنگ سٹیڈیم بہاول پورمیں کھلی کچہری میں صحافیوں سے گفتگوکرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی خصوصی کاوشوں سے بہاول پور میں قائداعظم سولر پارک کا قیام عمل میں لایا گیا جس نے اس ماہ سے 100 میگاواٹ بجلی کی ترسیل شروع کردی ہے اور اسکی استعدادکار 900 میگاواٹ تک بڑھائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 200 ایم بی اے کے ٹرانس فارمز لگنے کے بعد بہاول پورضلع کے دس سے پندرہ لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا اوران کی تنصیب سے شہر میں بجلی کی ٹرپننگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی انہوں نے کھلی کچہری میں بجلی کے صارفین کی شکایت سنی اور انکا فوری طور پر ازالہ کیا واپڈا افسران کو حکم دیا کہ ان شکایات کا 24 گھنٹے میں عمل درآمد کیا جائے وزیر مملکت عابد شیر علی نے عوامی شکایات اور رشوت اور زائد یونٹس ڈالنے پر ایس ڈی او خانقاہ شریف حبیب اللہ خان، مسرت انسپکٹر، شیخ اجمل میٹر ریڈر عباسیہ سب ڈویژن، سردار شاہ، نعیم خالد اور ستار شاہ کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا انہوں نے چیف ایگزیکٹو میپکو مظفر علی عباسی، ایس ای بہاول پور، ایکسئین بہاول پور سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری میں جتنی بھی درخواستیں آئی ہیں ان میں اکثریت کا مسئلہ صرف اوورلوڈنگ اور ٹرانسفارمر کو اپ گریڈ کرنے کے ہیں اس کا مطلب ہے کہ آپ لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل حل نہیں کرتے اگر ان صارفین کے کام بروقت کئے ہوتے تو مجھے یہ مسائل نہ دیکھنے پڑتے۔ انہوں نے فوری طورپر ان تمام سائلین کی دادرسی کا حکم دیا۔ اس موقع پر ایم این اے بلیغ الرحمان، ایم این اے پروین مسعود بھٹی، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ایم پی اے حسینہ بیگم، زاہد اکرم ایم پی اے، شعیب اویسی ایم پی اے، خالد محمود ججہ، سمیع اللہ چودھری، میپکو چیف ملتان مظفرعلی عباسی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے وزیراعظم نے صارفین کی سہولت کے لئے بجلی کی قیمت میں چارروپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔ گڈو بجلی گھر، قائداعظم سولر پارک اور نندی پور منصوبوں سے قومی گرڈ میں اگلے مہینے کی پندرہ تاریخ تک 17 سو میگاواٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فتح پور (لیہ) میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔