دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن غیر آئینی ہے:عبدالغفور حیدری
رحیم یارخان (آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینٹ و مرکزی سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ایف) سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل دیا جانے والا جوڈیشل کمشن غیر آئینی ہے اسی لئے ان کی جماعت نے اس کمشن میں انتخابی دھاندلیوں بارے اپنی کوئی سفارشات جمع نہیں کروائیں -گزشتہ روز رحیم یار خان میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی داخلی سلامتی پاکستان کی داخلی سلامتی کے مترادف ہے اس لئے پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایک مثبت اور غیر جانبدارانہ پالیسی سے مشرقی وسطی میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پائے تاکہ پاکستان کا خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں وقار بلند ہو سکے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف کا حالیہ دورہ سعودی عرب دراصل سعودی حکمرانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کیا جا رہا ہے تاکہ ایران کے آرمی چیف کی طرف سے سعودی عرب پر حملے کی دھمکی کو زائل کیا جاسکے انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملکی معیشت میں یوٹرن ثابت ہوسکتا ہے اور اگر حکومت پاکستان چین کے ساتھ طے پانے والے 46ملین ڈالرز کے معاہدوں کو بروقت عملی شکل دے دے توپاکستان حقیقی معنوں میں ایشین ٹائیگر ثابت ہوسکتا ہے۔