• news

انتخابات غیرجانبدارانہ اور شفاف تھے دھاندلی کی شکایات درست نہیں، الیکشن کمشن کا جوڈیشل کمشن میں جواب

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان نے انتخابات 2013ء کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے روبرو اپنا جواب داخل کیا ہے جس میں انہوں نے انتخابات 2013ء میں بعض سیاسی جماعتوں بالخصو ص (ق) لیگ کی جانب سے منظم دھاندلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف تھے ۔ منظم دھاندلی کی شکایات درست نہیں ہیں اور جوڈیشل کمشن کی کارروائی الیکشن کمشن کیخلاف نہیں ہے، الیکشن کمشن ملک میں جمہوریت کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے، اس حوالے سے جوڈیشل کمشن جو بھی فیصلہ کرے گا الیکشن کمشن اس پر عملدرآمد کرے گا۔ انتخابات 2013ء میں قواعد وضوابط کی مکمل پاسداری کی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں، انتخابات کی تکمیل کے بعد اکثریتی جماعت کو حکومت بنانے کی دعوت دی گئی۔ دھاندلی کی شکایات بارے مختلف الیکشن ٹربیونلز میں سماعت جاری ہے اور اس حوالے سے بعض ٹربیونلز نے فیصلے بھی دیئے ہیں۔ جواب میں کہا گیا کہ افسران کے تبادلو ں سے الیکشن معاملات پر کو ئی اثر نہیں پڑا اور اختیار کا ناجائز استعمال بھی ثابت بھی نہیں ہوا، انفرادی بے قاعدگیوں کے کچھ واقعا ت ہوئے تاہم اسکے اثرات مجموعی نتائج پر نہیں پڑ ے۔

ای پیپر-دی نیشن