صدر نے اسحاق ڈار کی سربراہی میں 9 واں قومی فنانس کمشن تشکیل دیدیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں 9 واں قومی فنانس کمشن تشکیل دیدیا ہے۔ وزارت خزانہ نے این ایف سی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق پنجاب‘ سندھ‘ خیبر پی کے اور بلوچستان کے وزراء خزانہ کمشن کے ممبران ہوں گے۔ پنجاب سے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا‘ سندھ سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا‘ کے پی کے سے پروفیسر ابراہیم خان اور بلوچستان سے ڈاکٹر قیصر بنگالی کمشن کے رکن ہوں گے۔ وفاقی سیکرٹری خزانہ این ایف سی میں سرکاری ماہر کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔ کمشن 5 سال کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان محاصل کے حصے کا تعین کرے گا۔ کمشن آزاد جموں و کشمیر حکومت‘ گلگت و بلتستان‘ فاٹا کے اخراجات کا تخمینہ‘ قدرتی آفات اور دہشت گردی کے خلاف اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ اور وسائل مختص کرنے کا فیصلہ بھی کرے گا۔