ججز نظربندی کیس: مشرف کو ایک روز کیلئے حاضری سے 34ویں مرتبہ استثنیٰ
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں مشرف کو 34ویں مرتبہ ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 8مئی تک ملتوی کر دی۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے ملزم کی مستقل استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت میں دلائل دئیے۔ گزشتہ روز مشرف طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوا، ملزم کے وکیل نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا کہ انکے موکل علالت اور سکیورٹی خدشات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے اس لئے انہیں استثنیٰ دیا جائے، سپیشل پراسیکیوٹر نے حاضری سے متعلق دائر درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا کہ ہر سماعت پر عدالت میں ایک نئی میڈیکل رپورٹ پیش کر دی جاتی ہے لہٰذا رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے عدالت ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔ آئین کے سیکشن 540-Aکے مطابق جس مقدمہ میں ایک سے زائد ملزم ہوں تو اس میں کسی ایک ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دیا جا سکتا ہے، مذکورہ کیس میں صرف ایک ملزم ہے لہٰذا مستقل استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ ملزم کے کونسل نے عدالت سے استدعا کی کہ اگلی تاریخ سماعت پر وہ مستقل استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دیں گے۔
ججز نظر بندی کیس