• news

مشرف غداری کیس: خصوصی عدالت نے سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی

اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت سنگین غداری مقدمے کی سماعت اکرم شیخ کی استدعا پر 26 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے عدالت سے مقدمے کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔ جمعہ کے روز جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ پر مشتمل خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری مقدمے کی سماعت کی اس دوران پراسیکیوٹر اکرم شیخ پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کی سماعت کیخلاف حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک اس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کی جائے جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ تو وفاقی حکومت کیخلاف ہے اس پر اکرم شیخ نے کہا کہ آپ نے تین افراد کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا، ان کا معاملہ تاحال عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جب تک اس کی سماعت نہ ہو جائے آپ اس کیس کی کیسے سماعت کر سکتے ہیں اس پر عدالت نے اکرم شیخ کی استدعا پر سماعت چھبیس مئی تک ملتوی کر دی۔
غداری کیس

ای پیپر-دی نیشن