پی ٹی آئی نے متحدہ کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی: مشاہد اللہ، ہم بھگوڑے تو نہیں: شاہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے تحریک انصاف کو طعنہ دیا ہے کہ ایم کیو ایم کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی تھی تو گھس کر دکھاتے جوتے کھا کر نہ آتے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جواب میں کہا کہ ہم نے کم از کم میدان تو نہیں چھوڑا مسلم لیگ ن کی طرح بھگوڑے نہیں بنے مشاہد اللہ نے کہا کہ خوف کی فضا کو توڑنے آئے تھے تو جناح گراﺅنڈ سے نہ بھاگتے ایک کارکن کو دو تھپڑ پڑے تو سب بھاگ گئے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ میاں کنٹینر پر بھی وزیراعظم سے استعفیٰ لینے آئے تھے مگر استعفیٰ نہیں ملا تو کیا نکاح نامہ لے کر گئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والوں نے جہاد کیا۔ جھنڈے جلانے سے نظرئیے نہیں جلتے، تحریک انصاف سیاسی عمل میں حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے مشاہد اللہ کو بلڈ پریشر کم کرنے کا مشورہ دیا اور کہا زیادہ جذباتی نہ ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے ضمنی انتخاب کے نتائج سے واضح ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم کی قومی اسمبلی کی 10 نشستیں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءکے عام انتخابات کے حوالے سے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت ہیں جو جوڈیشل کمشن کے سامنے پیش کریں گے۔
مشاہد اللہ / شاہ محمود