• news

لاہور کے 2 کنٹونمنٹ بورڈز، 5 اہم سیاسی جماعتوں نے تیاریاں مکمل کر لیں

لاہور(فرخ سعید خواجہ) لاہور کے کینٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کی دس دس وارڈوں میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پانچ اہم جماعتوں مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور عوامی تحریک نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ گزشتہ روز ان تمام پارٹیوں نے اپنے پولنگ ایجنٹوں کے تربیتی سیشن کئے اور انہیں انتخابی قوانین پر بریفنگ دی گئی۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوںسمیت پارٹیوں کی ذیلی تنظیموں کی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو پولنگ کے دوران ووٹروں کو سہولیات فرہم کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں پرویز ملک، خواجہ احمد حسان، خواجہ عمران نذیر، سید توصیف شاہ سمیت سینئر کارکنوں نے پولنگ ایجنٹوں کو بریفنگ دی۔ تحریک انصاف نے ہر وارڈ کیلئے مانٹیرننگ ٹیم تشکیل دی جو کسی بھی صورتحال پر فوری کارروائی کرے گی، پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایات پر لاہور آفس میں مرکزی الیکشن سیل بھی کام کرے گا۔ پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کی صدارت میں عہدیداروں، بلدیاتی امیدواروں، پولنگ ایجنٹوں اور سینئر کارکنوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری، دیوان غلام محی الدین بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد کی صدارت میں جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹوں کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر عمیر خان، عبدالعزیز عابد، عبداللہ عالم، احسان اللہ تبسم بھی موجود تھے۔ عوامی تحریک کے پولنگ ایجنٹوں کو رحیق عباسی نے بریفنگ دی اس موقع پر صدر لاہور چوہدری افضل گجر، قاضی فیض، نورا اللہ صدیقی بھی موجود تھے۔ ان پانچوں اہم جماعتوں کے اجلاسوں میں قدر مشترک یہ تھی کہ انہوں نے جمہوری انداز میں الیکشن لڑنے کی ضرورت کا اعتراف کیا اور ساتھ ساتھ اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ فوج کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں۔
کنٹونمنٹس / تیاریاں


ای پیپر-دی نیشن