گندم کٹائی مہم کا افتتاح ، اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے میں 100 ارب بچائے: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ اجلاس میں تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے تحفظ کے بل2015ء کی مشروط منظوری دی گئی جبکہ پنجاب لیبر پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران اس امر کا انکشاف کیاگیا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ میںچین کی کمپنیوں کے ساتھ کامیاب گفت و شنید کے ذریعے 100ارب روپے کی بچت کی گئی ہے جس پر کابینہ کی جانب سے شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میںفیصلہ کیاگیا کہ تمام صوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹریز،کمشنرز، ڈی سی اوز، آرپی اوز اورڈی پی اوز ایک ایک سرکاری سکول کو اپنائیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ کے دور ہ پاکستان کے دوران 46 ارب ڈالرکے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جن میں صرف بجلی کے منصوبوں کیلئے 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری سے 4.5ارب ڈالرکے منصوبوں پر عملدر آمدہوگاجبکہ سندھ میں 9ارب ڈالر کی مالیت کے منصوبے لگیں گے۔بجلی کے منصوبے لگنے سے زراعت، صنعت اور دیگر شعبے ترقی کرے گے اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا اورمنفرد پراجیکٹ ہے جو ٹرانسپورٹ کا کلچر تبدیل کردے گا۔ پنجاب حکومت نے ’’پڑھو پنجاب ،بڑھو پنجاب‘‘کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بلند کیا جا رہا ہے۔اس پروگرام پر موثر عملدر آمد سے سرکاری سکول اپنانے کی پالیسی بھی بنائی گئی ہے جس سے معیار تعلیم میں بہتری آئے گی۔ کابینہ کا اجلاس 5 گھنٹے تک جاری رہا اجلاس کے شرکاء کی حسب روایت دال چاول پر مشتمل ون ڈش سے تواضع کی گئی اجلاس کے دوران 9 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آیا اور ایجنڈے کے مطابق تمام کارروائی مکمل کی گئی۔ شہباز شریف نے لاہور کے نواحی گائوں واڑہ ملک شاہ محمد اعوان میں گندم کی کٹائی مہم 2015ء کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ کاشتکاروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور کاشتکاروں کی محنت کے باعث رواں برس گندم کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے۔ اس موقع پر چھوٹے کاشتکاروں کو فی ٹریکٹر 2 لاکھ روپے کی سبسڈی دے گی اور اس شاندار کسان دوست پروگرام کا آغاز نئے مالی سال سے کیا جائیگا۔ میں خود تمام خریداری مہم کی نگرانی کروں گا اور کسی سے زیادتی نہیں ہونے دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ سے زیادتی کا شکار 12 سالہ بچلی کے والد اور عزیز واقارب نے ملاقات کی وزیراعلیٰ نے ملزمان کی 48 گھنٹے میں گرفتاری اور اس کو انصاف کی فراہمی میں رکاؤٹ ڈالنے والے انسپکٹر کیخلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی حکومت پنجاب کا ایک اور عوام دوست اقدام ہے۔