لاہور میں لڑائی، تحریک انصاف کی فائرنگ، مسلم لیگ ن کے 9 کارکن زخمی: گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، پنڈی میں بھی تصادم، متعدد گرفتار
لاہور ،گوجرانوالہ، سیالکوٹ (سٹاف رپورٹر+خبرنگار+ نامہ نگاران) لاہور کنٹوٹمنٹ بوڑد کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی فائرنگ سے مسلم لیگ ن کے 9کارکن زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال بھجوا دیا گیا ہے جہاں 1کارکن کی حالت تشویشناک ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس نے 4افراد کو گرفتار کر لیا ہے تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ مکہ چوک چونگی امر سدھو کے علاقہ میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکن ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے اسی دوران جھگڑا شروع ہو گیا جس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فائرنگ کر دی زخمی ہونیوالے کارکنوں میں26سالہ احمد شوکت ،22سالہ رب نواز ،30سالہ ارشد ،22سالہ محمد حسین ،40سالہ محمد رحمت ،42سالہ رحمت علی ،45سالہ چوہدری بوٹا جٹ ،50سالہ شوکت علی ،17عرفان شوکت شامل ہیں ، پولیس کے مطابق درخواست ملنے پر فوری مقدمہ درج کیا جائیگا ، الیکشن کمشن نے کنٹونمنٹ انتخابات میں ہونے والی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے لیا، الیکشن کمشن نے متعلقہ حکام سے لاہور اور راولپنڈی میں فائرنگ کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلیا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر جعلی ووٹ کاسٹ کرنیوالے 4افراد اور ان کے حمایتی کو گرفتار کر لیا۔ مشتعل تحریک انصاف اور لیگی کارکن ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہو گئے ، گھونسوں مکوں کا آزادانہ استعمال ہوتا رہا، کنٹونمنٹ بورڈ گوجرانوالہ کے وارڈ نمبر سات کا علاقہ اسو قت اچانک میدان جنگ بن گیا جب لیگی کارکنوں نے تحریک انصاف کے امیدوار غلام قادر کے ملازم کو اپنے تین بیٹوں کے ہمراہ مبینہ طور پر جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ سیالکوٹ وارڈ نمبر 1میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی آمد پر پولنگ سٹیشن پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ دونوں جانب سے شدید نعرے بازی و دھکم پیل کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے خواجہ آصف کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور ’’گو خواجہ گو‘‘ کے نعرے لگائے، جس پر لیگی کارکنوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر جوتے بھی پھینکے گئے جبکہ ٹیکسلا وارڈ نمبر1 اور واہ کینٹ نمبر 9 کے باہر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے حامیوں میں تصادم ہو گیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ جھگڑے کے بعد 11افراد کو حراست میں لے لیا گیا گوجرانوالہ میں وارڈ نمبر 7 سے تین مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق باجوڑ ایجنسی بتایا جاتا ہے۔اسکے علاوہ راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں بھی پولنگ کے اوقات ختم ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور دھکم پیل کی جس کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی ہوگئے ،فائرنگ بھی ہوئی پولیس نے موقع پر پہنچ کرمتعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شورکوٹ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں وارڈ نمبر 4 کے خواتین پولنگ سٹیشن پر امیدوار ظفر اقبال عرف جیدی مدمقابل سید حسنین شاہ کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس پر رینجر اور پولیس اہلکاروں نے دونوں امیدواروں پر لاٹھی چارج کیا۔ سی سی پی او راولپنڈی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ریلی میں فائرنگ کرنیوالا گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت اجمل کے نام سے ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور اورراولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ جیت کی خوشی میں فائرنگ کے واقعات نا قابل برادشت ہیں او رقانون کسی کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔