• news

صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان سے سدا بہار دوستی مزید مضبوط کرنے میں مدد ملی : چین

بیجنگ (آئی این پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین کے صدر شی چن پنگ کے حالیہ دورہ پاکستان کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف سدا بہار دوستی کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے بلکہ یہ عملی تعاون کو مزید بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو گا، دونوں ممالک کو سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ انتہائی اہم ہے، شی چن پنگ کا نئے سال میں پہلا سمندر پار اور پاکستان کا پہلا دورہ پاکستان چین تعلقات کی اہمیت کا عکاس ہے، چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان کے ساتھ تعلقات چین کی خارجہ پالیسی کے ایجنڈا میں سرفہرست ہیں وہ جنوبی ایشیائی ممالک میں اسے ”فولادی دوست“ کی نظر سے دیکھتا ہے، صد ر پنگ کی صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، ارکان پارلیمنٹ، عسکری قیادت اور ملک کی بڑے سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرینگی، چین پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت ملنے کا حامی ہے، دونوں ممالک افغانستان میں مفاہمتی اور امن عمل کو آگے بڑھانے کےلئے تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، چینی وفد کا پاکستان میں گرمجوش اور پرتپاک استقبال اس بات کا عکاس ہے پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، فولاد سے مضبوط اور شہد سے میٹھی ہے۔ چینی صدر شی چن پنگ کا دورہ پاکستان اور انڈونیشیا مکمل ہونے کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے وانگ ژی نے کہا صدر شی چن پنگ نے پاکستان اور انڈونیشیا کا دورہ کیا، دونوں ممالک کے ساتھ چین کے تعلقات دوطرفہ اور سہ جہتی اہمیت کے حامل ہیں۔ چینی صدر کے دورہ پاکستان کا مقصد پاکستان چین روایتی دوستی کو مزید مضبوط کرنا اور عملی تعاون کو بڑھانا تھا۔ دورے کے دوران کئی دوطرفہ اور کثیر الطرفہ سرگرمیاں انجام پائیں۔ انہوں نے نتیجہ خیز، عاجزانہ اور فیاضانہ سفارتکاری کے انداز کی بنیاد رکھی۔ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس نے اپنی خارجہ پالیسی کے ایجنڈا میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اولین ترجیح دی ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی ہماری خواہش کو مزید استحکام ملا ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماﺅں نے پاکستان چین تعلقات کو سدابہار سٹریٹجک تعاون شراکت داری کی سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا، سدا بہار دوستی کی اہمیت کو اُجاگر کیا دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی تمام سمتوں کا مکمل احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی بلندی ان کے مثالی ہونے کا واضح اظہار ہے، اس سے دوطرفہ سٹریٹجک اعتماد کی بنیاد مزید مضبوط ہوئی ہے، دونوں ممالک نے سٹریٹجک کمیونیکیشن اور روابط کو بھی مزید بڑھایا ہے۔ چین پاکستان عملی تعاون مزید جامع بن چکا ہے، شی چن پنگ کے کامیاب دورہ سے پاکستان اور چین کے درمیان سیکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ دونوں اطراف نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کے ساتھ گوادر پورٹ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور توانائی کے چار اہم شعبوں میں 1+4کی پیشکش پر اتفاق کیا، دونوں ممالک نے سیف گارڈ سکیورٹی مفادات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کےلئے ہاتھ ملانے کےلئے دفاعی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا، پاکستان اور چین کے عوام کو ملانے والی پٹی کو مزید مضبوط کیا گیا۔ چن پنگ کا دورہ پاکستان دوسرے گھر کی طرح کا دورہ تھا، یہ پورے ملک کےلئے عظیم تقریب بن گئی۔ صدر کے دورہ میں پاکستان نے پاکستان چین تعلقات میں کئی ریکارڈ قائم کئے۔
چینی وزیر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن