پنڈی بھٹیاں: ہسپتال کے جبری ریٹائرڈ ملازم نے ای ڈی او آفس کے سامنے خود کو آگ لگا لی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار) محکمہ صحت کے ملازم نے جبری ریٹائرڈ کرنے پر ای ڈی او ہیلتھ کے دفتر کے سامنے اپنے آپ کو آگ لگالی، تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک محمد فاروق جو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد میں بلڈ بنک میں ملازم تھا نے چند ماہ قبل کینسر کے مریض بچے کے لئے 1500 روپے کے عوض ناقص خون کی بوتل سپلائی کی بچے کی حالت غیر ہو گئی اور وہ تین روز بعد فوت ہو گیا جس پر فاروق کے خلاف محکمانہ انکوائری کرائی گئی انکوائری میں جُرم ثابت ہونے پر محکمہ نے اسے جبری ریٹائرڈ کر دیا۔ گزشتہ روز اس نے ای ڈی او ہیلتھ حافظ آباد کے دفترکے سامنے خود کو آگ لگا لی جس سے اس کے جسم کا 50 فیصد حصہ جھلس گیا اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تشویش ناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا جس کے بعد اس کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زبردست احتجا ج کیا۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر احتجاج ختم کرایا۔ ڈاکٹرز نے اس وقوعہ کی وجہ سے دو گھنٹے کی علامتی ہڑتال کی۔