امام کعبہ کی ملاقات دنیا کی کوئی طاقت پاکستان سعودی عرب میں اختلافات پیدا نہیں کرسکتی: شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کی آمد ہمارے لئے باعث خیر و برکت ہے۔ میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام، حکومت اور اپنی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان سعودی عرب کا اور سعودی عرب پاکستان کا دوسرا گھر ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ، روحانی، مذہبی اور ایسے دوستانہ تعلقات موجود ہیں جس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سعودی عرب پاکستان کی پوری تاریخ میں اچھے اور برے حالات میں ہمیشہ ساتھ کھڑا رہا ہے -سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ا یسا رشتہ موجود ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا- پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ دنیاکی کوئی طاقت ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات پیدا نہیں کر سکتی اور نہ ہی ہمیں ایک دوسرے سے جدا کر سکتی ہے- دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے سعودی عرب اور پاکستان کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے عزت او رخوشی کا دن ہے کہ امام کعبہ جیسی عظیم ہستی ہمارے درمیان موجود ہے۔ وہ پہلی دفعہ پاکستان تشریف لائے ہیں ، انشاء اﷲ وہ آئندہ بھی یہاں آتے رہیں گے -پشاور سے لے کر کراچی تک پاکستان کے 18کروڑ عوام ان کے لئے فرش راہ ہیں -پاکستان کا ہر صوبہ، ہر گھر اور ہر شخص انہیں خوش آمدید کہہ رہا ہے- پاکستانی عوام کا گھرسعودی عرب اور سعودی عوام کا گھر پاکستان ہے ،دونوں ممالک کے تعلقات اور روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں- امن ہو یا جنگ سعودی عرب ہر موقع پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے-پاکستان کی معاشی ترقی میں سعودی عرب نے جو ساتھ نبھایا ہے اس کا الفاظ میں شکریہ ادا نہیں کیا جاسکتا- انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا اور خادمین حرمین الشرفین شاہ سلمان اور دیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کیں -دنیا نے یہ مناظر دیکھے کہ کس طرح دو بھائی آپس میں مل رہے ہیںاور دل کی باتیں ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے اور یہ مخالفین اور حاسدین کے منہ پر طمانچہ تھا-میں نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیاتھا اور سعودی حکام سے سود مند ملاقاتیںہوئیں۔ ہمارے دلو ںمیں سعودی عرب کا بے پناہ احترام ہے اور اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا- امام کعبہ مقدس قطعہ ارضی سے یہاں آئے ہیں اوروہ اس عظیم اور مبارک مسجد کے امام ہیں جس کی طرف رخ کر کے دنیا کے تمام مسلمان نماز ادا کرتے ہیں- انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، دونوں ملکوں کے درمیان ایسا رشتہ قائم ہے جو دنیاوی تعلقات اور مقاصد سے بالاتر ہے-دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط اور لازوال رشتوں میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے نہ اختلافات۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام پیار، محبت اور بھائی چارے کی اس لڑی میں پروئے ہوئے ہیں جو ہمیشہ سے قائم ودائم ہے اور ہمیشہ قائم ودائم رہے گی- وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم محمد نوازشریف، اپنی جانب سے، پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام کی جانب سے معزز مہمان امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا ادھر سے ادھرہو جائے پاکستان اور سعودی عرب کو کوئی جدا نہیں کرسکتا- اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے بھرپور مہمان نوازی پر پنجاب کے وزیراعلی محمد شہبازشریف کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں- میں دنیا بھر میں جاتا ہوں لیکن یہاں مجھے جو محبت اور پیار ملا ہے وہ ناقابل فراموش ہے-مجھے خوشی ہے کہ میرے بابرکت دن کا آغاز بابرکت محفل میں شرکت سے ہوا- شہبازشریف نے میرے لئے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ سونے کے پانی نہیں بلکہ آنکھوں کے پانی سے لکھنے کے قابل ہیں یہ ایسا نقش ہے کہ جو میرے دل سے کبھی مٹ نہیں سکتا- یہاں آ کر مجھے پاکستان اور پاکستانیوں کی محبت کا اندازہ ہوا ہے-سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایسا تعلق موجود ہے جو ہمیشہ رہے گا-دونوں ممالک کی دوستی کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ سچائی، محبت اور اخلاص پر مبنی ہے،جسے کبھی ختم نہیںکیا جاسکتا۔ پاکستان اور سعودی عرب کو قرآن و سنت پر جمع ہو کر دشمنوں کو دراندازی کا موقع نہیں دینا چاہیے- دشمنوں کو اس بات کی تکلیف ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ کے حوالے سے مضبوط رشتہ قائم ہے اسی پر وہ پریشان ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے جسم دو لیکن دل ایک ہے-اگر یہ کہا جائے کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام یک جان دوقالب ہیں توبے جا نہ ہوگا- پاکستان کے علمائے کرام کی دینی خدمات لائق تحسین ہیں-میںنے بھی پاکستانی علماء سے دین کی تعلیم حاصل کی ہے مجھے قرآن پاک حفظ کرانے والے بھی پاکستانی عالم شیخ حفیظ الرحمن ہیں- سعودی عرب کے بڑے بڑے علماء کرام نے پاکستانی علماء سے دینی علوم میں استفادہ کیاہے -سعودی عرب میں پاکستانی انجینئر، ڈاکٹر اور دیگر شعبوں کے ماہرین لائق تحسین کردار ادا کررہے ہیں- یہاں آ کر مجھے جو محبت ملی دنیا کی تاریخ میں شاید اس کی مثال ملنا مشکل ہو-سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح کھڑے ہیں کہ انہیں کوئی الگ نہیں کر سکتا یہی دشمن کے لئے بری خبرہے- دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو منفی پراپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے- جغرافیائی لحاظ سے اگرچہ پاکستان اور سعودی عرب دو الگ ملک ہیں لیکن پاکستان سعودی عرب اور سعودی عرب پاکستان ہے۔ قبل ازیں امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی ماڈل ٹائون پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا- وزیراعلیٰ شہبازشریف اور امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- علاوہ ازیں شہبازشریف نے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ شہبازشریف نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پارٹی کی پالیسیوں پر عوام کے بھرپور اعتمادکا اظہار ہے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیاہے کہ عوام مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت سے محبت کرتے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے الیکشن 2013 میں دھاندلی کا الزام لگانے والوںکو آئینہ دکھا دیا ہے۔ دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ گزشتہ برس احتجاجی سیاست کے باعث توانائی کے منصوبوں میں نا قابل بیان تاخیر پیدا ہوئی اور دھرنوں کے ذریعے جمہوری عمل پر عوام کے یقین کو متزلزل کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ جن حلقوں میں مسلم لیگ (ن) نہیں جیت سکی وہ حلقے بھی میرے اپنے ہیں اور ان حلقوں میں بھی باقی علاقوں کی طرح ترقیاتی عمل جاری رہے گا۔ مزید برآں شہبازشریف سے عسکری 10میں قتل ہونے والے مقتول مرتضی اور کیولری گرائونڈ میں قتل ہونے والے مقتول زین کے ورثاء نے ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے دونوں مقتول طالب علموں کے خاندانوں کو 25،25لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دئیے- مالی امداد کے چیک مقتول زین کی والدہ اور مقتول مرتضیٰ کی والدہ نے وصول کئے- شہبازشریف نے متاثرہ خاندانوں کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دونوں خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی- وزیراعلیٰ نے مقتول مرتضیٰ کے بھائی کو ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا- انہوں نے کہاکہ آپ کے بچوں کو ناحق قتل کیا گیا - انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے- دونوں کیسوں کی پیروی پنجاب حکومت خود کرے گی- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دونوں خاندانوںکے لواحقین کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے- وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے-