چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے آر ایل اور پی آئی اے کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیشنل بنک فٹ بال چیلنج کپ ٹورنامنٹ میں کے آر ایل اور پی آئی اے کی ٹیموں کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلے سیمی فائنل میں پی آئی اے نے دلچسپ مقابلے کے بعد واپڈا کو پنلٹی ککس پر 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی جبکہ فیصل ٹاﺅن فٹ بال گراﺅنڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میںکے آر ایل نے آرمی کو ایک صفر سے زیر کیا۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں پی آئی اے کے ریاض نے 62 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی مگر واپڈا کے کھلاڑی رزاق نے 81 ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ ریگولر ٹائم میں کوئی ٹیم مزید گول نہ کر سکی اور یوں میچ 1-1 گول سے برابر رہنے کے بعد ایکسٹرا ٹائم میں بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ جس کے بعد پنلٹی ککس پر پی آئی اے کی ٹیم نے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے فتح حاصل کی۔ فیصل ٹاﺅن گراﺅنڈ لاہورمیں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میںکے آر ایل کے مرتضیٰ نے کھیل کے 3 2ویںمنٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ تیسری پوزیشن کے لئے میچ آج 4 بجے ریلوے سٹیڈیم میں واپڈا اور آرمی کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ کل 28 اپریل کو کے آر ایل اور پی آئی اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔