لندن میراتھن 2015 میں ہزاروں مرد اور خواتین کی شرکت
لندن (بی بی سی) سالانہ دوڑ ’لندن میراتھن‘ کے سلسلے کی 35 ویں دوڑ میں مردوں کا مقابلہ کینیا کے آلیوڈ کپچوج اور خواتین کی دوڑ ایتھوپیا کی ٹیگسٹ ٹوفا نے جیت لی۔آلیوڈ کپچوج نے 26.2 میل کا فاصلہ دو گھنٹے چار منٹ اور 47 سیکنڈ میں مکمل کیا جبکہ ان کی ہم وطن ایتھلیٹ یہ فاصلہ دو گھنٹے 23 منٹ اور 22 سیکنڈ میں طے کر کے دوڑ جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ اس برس 37,800 سے زیادہ لوگ اس دوڑ میں شامل ہو ئے ہیں جو جنوبی لندن کے سرسبز علاقے ’بلیک ہیتھ‘ سے شروع ہو کر 26.2 میل دور مرکزی لندن کی شاہراہ ’دی مال‘ پر ختم ہو ئی۔ منتظیمن کے مطابق اس مرتبہ لوگوں کی ایک ریکارڈ تعداد نے اس دوڑ میں حصہ لیا ہے۔ گذشتہ برسوں میں لندن میراتھان جیتنے والی پولا ریڈکلف اب 41 برس کی ہو گئی ہیں۔ مقابلے میں شریک کئی ایک مرد اور خواتین مختلف خیراتی اداروں کے لیے امداد جمع کرنے کے لیے اس دوڑ میں شرکت کر رہے ہیں اور انھیں امید ہے کہ وہ سنہ 2014 کا پانچ کروڑ 32 لاکھ پاو¿نڈ کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ میراتھن کی عالمی چیمپئن اور گذشتہ برسوں میں لندن میراتھن جیتنے والی پولا ریڈکلف اب 41 برس کی ہو گئی ہیں اور لندن میراتھن میں ا±ن کی یہ آخری شرکت ہے۔ اتوار کی صبح پولا ریڈکلف نے اپنی آخری میراتھن کا آغاز معروف لوگوں کے ساتھ نہیں کیا بلکہ وہ ہزاروں عام لوگوں میں شامل تھیں۔ یاد رہے کہ اپریل سنہ 2003 میں پولا ریڈکلف نے لندن کے انھیں راستوں پر یہ فاصلہ دو گھنٹے 15 منٹ اور 25 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔