فٹبال فیڈریشن کے انتخابات‘ فیصل صالح حیات نے صدر کیلئے کاغذات نامزد جمع کرا دیئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے صدر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ اس موقع پر چیئرپرسن پی ایف ایف ویمن کمیٹی سینیٹر روبینہ عرفان، صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر خان بھی موجود تھے۔ فیصل صالح حیات نے کہا کہ ایک دہائی میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے۔2003 ءمیں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد گراس روٹ لیول پر خاص توجہ دی گئی، ملک میں پریمئیر فٹ بال لیگ ، بی ڈویژن لیگ، قومی خواتین چیمپئن شپ، نیشنل چیلنج کپ، ریفری اور کوچنگ میں بہتری کے لئے فیفا اور اے ایف سی کی بھرپور معاونت سے سالانہ کئی کورسز کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال سے محبت کرنے والے اور اے ایف سی اور فیفا کے الیکشن کے قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے ہر فرد کو ہم الیکشن میں حصہ لینے کے لئے خوش آمدید کہیں گے اور اگر پاکستان کی فٹ بال فیملی نے صدارت کی اگلی ٹرم کے لئے مجھ پر اعتماد کیا تو میں فٹبا ل کی مزید بہتری و ترقی کے لئے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی بھرپور کوشش مستقبل میں بھی جاری رکھوں گا۔