عمران خان کی طرف سے تحلیل کرنے کے باوجود پی ٹی آئی کے انتخابی ٹربیونل کا اجلاس
اسلام آباد(صباح نےوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، پی ٹی آئی کے انتخابی ٹربیونل نے اپنا اجلاس منعقد کیا اور مارچ 2013 میں ہوئے پارٹی کے داخلی انتخابات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے حوالے سے دائر کی گئی مختلف درخواستوں کی سماعت کی۔ ٹربیونل کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی جانب سے جمعہ کے روز باضابطہ طور پر جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے باوجود، جس میں اس ٹربیونل کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے انتخابی ٹربیونل کا اجلاس ریٹائرڈ جسٹس وجیہہ الدین احمد کی سربراہی میں ہوا۔ پی ٹی آئی کی ہائی کمان اور اس انتخابی ٹربیونل کے درمیان جاری سرد جنگ گزشتہ سال اس وقت شروع ہوئی جب انتخابی ٹربیونل نے پارٹی کے داخلی انتخابات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت شروع کی اور ان انتخابات کو ناقص قرار دیا تھا۔ اس ٹربیونل کی جانب سے لیا گیا ایک اور اہم فیصلہ یہ تھا کہ اس نے 2013 میں پارٹی کے داخلی انتخابات میں منتخب ہونے والے عہدوں کی مدت چار سال سے کم کرکے دو سال کردی تھی۔
پی ٹی آئی / انتخابی ٹربیونل