• news

گلبرگ : اداکارہ روحی بانو پر مقتول بیٹے کے دوست کا ساتھیوں سے مل کر تشدد‘ زخمی کر دیا

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) لاہور کے علاقے گلبرگ میں معروف اداکارہ روحی بانو کو موٹرسائیکل سوار افراد نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کر دیا انہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ معلوم ہوا ہے کہ گلبرگ کے علاقہ حسین چوک کے قریب معروف اداکارہ روحی بانو گھر کے باہر پیدل جا رہی تھیں، اسی دوران تیز رفتار موٹر سائیکل نے انہیں ٹکر مار دی اور اس پر سوار افراد نے روحی بانو کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور سر بھی پھاڑ دیا، راہ گیروں کے اکٹھے ہونے پر موٹر سائیکل سوار فرار ہو گئے جبکہ روحی بانو زخمی ہونے پر سڑک پر گر گئیں جنہیں فوری سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ممتاز اداکارہ روحی بانو پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزموں کو فوری گرفتار جبکہ روحی بانو کو ہسپتال میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اداکارہ روحی بانو جوکہ کئی سالوں سے ذہنی عارضے کا شکار ہیں، گلبرگ میں رہائش پذیر ہیں، آجکل وہ سڑکوں پر اکیلی گھومتی رہتی ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق روحی بانو نے بتایا کہ ان پر انکے بیٹے کے ایک دوست نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا جس سے انکے کان کی پچھلی جانب زخم آیا۔ روحی بانو کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے گھر بھجوا دیا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گیا۔ واضح رہے کہ روحی بانو کئی برس قبل شوہر کے چھوڑ کر چلے جانے اور چند سال قبل ڈاکوﺅں کے ہاتھوں اکلوتے بیٹے کے قتل کے بعد شدید نفسیاتی اور ذہنی مسائل سے دوچار ہیں۔ دوسری طرف گلبرگ پولیس نے روحی بانو پر حملہ کرنیوالے ملزم خرم شہزاد کو گرفتار کرکے ملزم اور اسکے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خرم روحی بانو پر گھر فروخت کرنے کیلئے دباﺅ ڈال رہا تھا، انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
روحی بانو زخمی

ای پیپر-دی نیشن