• news

ایمرجنگ کیمپ میں 33 ، 34 سال کے کرکٹرز فٹنس، ٹرائلز کیلئے طلب

لاہور ( نمائندہ سپورٹس/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے ’’ایمرجنگ‘‘ کے لفظ کا بھی نیا مطلب تلاش کر لیا ہے۔ ایمرجنگ کیمپ کے نام پر 33,34 سال کے کرکٹرز کو بھی فٹنس اور ٹرائلز کے لیے طلب کر لیا ہے سلیکشن کمیٹی کی نظر میں کیا مستقبل 33,34 سال کی عمر کے کھلاڑیوں کا ہے اگر یہ کھلاڑی حقدار تھے تو پھر انہیں پاکستان اے ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا۔دنیا بھر میں ایمرجنگ پلیئرز کے نام پر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے فیصلہ سازوں نے دنیاسے ہٹ کر ایک نیا کام شروع کیا ہے۔ عمر رسیدہ کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کھلاڑیوں میں شامل کر لیا۔ ہارون رشید کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے تیس سال سے زائد عمر کے جن کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے ان میں خرم شہزاد، نعیم الدین، نجف شاہ، حسن علی ، عبدالرحمن مزمل ، کرامت علی، حسین طلعت ، عادل امین ، وقاص سعود ، محمد عرفان، نعیم انجم ،گوہر علی، محمد حسن، بلال آصف ،فیصل خان ، بابر رحمان کو بھی ایمرجنگ پلیئرز کی فہرست میں شامل کرکے فٹنس ٹرائلز کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیٹی کے اس فیصلے سے مستقبل کی تیاریوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان کھلاڑیوں کے انتخاب پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن