انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹک چیمپئن شپ، پنجاب یونیورسٹی نے میدان مار لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے ایچ ای سی انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹک چیمپئن شپ میں میدان مار لیا۔ میگا سپورٹس ایونٹ میں پہلی مرتبہ 48 یونیورسٹیوں کے 600 اتھلیٹس نے شرکت کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے فرحان حیدر بہترین اتھلیٹ قرار پائے اور پنجاب یونیورسٹی 314پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب 298پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد 69پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ خواتین کی کیٹیگری میں یونیورسٹی آف سرگردھا سے مسرت شاہین 60پوائنٹس کے ساتھ بہترین اتھلیٹ کا ایواڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی 161.5پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور سرگودھا یونیورسٹی 146پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر رہی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کی قائمقام ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے کھیلوں کی حوصلہ افزائی کے باعث کھلاڑیوں نے مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تقریب کے آخر میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔