• news

کرپشن ایک ناسور ہے جس کے معاشرے پر برے اثرات پڑتے ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری سے اقوام متحدہ کے ڈرگ اینڈ کرائم (یو این او ڈی سی) کے وفد نے نیب ہیڈ کوارٹر میں پیر کو ملاقات کی۔ وفد کی قیادت افغانستان اور ہمسایہ ممالک کیلئے یو این او ڈی سی کے علاقائی نمائندہ آندرے آویسٹین کر رہے تھے۔ چیئرمین نیب نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس کے معاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ترقی اور قانون کی حکمرانی متاثر ہوتی ہے اور معاشرے میں منظم جرائم کو پروان چڑھاتی ہے۔ انہوں نے کہا بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، ہم تین سطحی حکمت عملی کے ذریعے اس پر قابو پا سکتے ہیں، اس میں آگاہی، تدارک اور قانون کا اطلاق شامل ہے۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا اہتمام اور ایوان صدر میں اینٹی کرپشن واک جس کی قیادت صدر مملکت نے کی، سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کرپشن کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ نیب کا پیغام (say to no corruptiom ) محکمہ ڈاک کی ٹکٹوں پر بھی جاری کیا گیا ہے اورآئیسکو کے 2.4 ملین بجلی کے بلوں پر بھی نیب کا پیغام پرنٹ کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم اور ہاکی ٹیم نے نیب کے پیغام ’’کرپشن سے انکار‘‘ کے ساتھ اپنی تصویریں بنوائیں اور پی آئی اے کی اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پروازوں پر بھی نیب کا پیغام درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آبادمیں ڈرائیونگ لائسنسوں پر بھی نیب کا پیغام پرنٹ کیا گیا ہے جو ملک میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن