بجٹ کا حجم 4300 ارب روپے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ متوقع
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے 4300 ارب روپے کے لگ بھگ مالیت پر مشتمل وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافے کا امکان ہے جبکہ مجموعی سرکاری ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کا حجم 1575 ارب سے 1600 ارب روپے تک مقرر کئے جانے کی توقع ہے۔ ریونیو کا ہدف 3000 ارب روپے‘ دفاعی بجٹ کا حجم 760 ارب روپے‘ سول حکومت کے اخراجات کے لئے 293 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ تاہم بجٹ میں سبسڈیز کے لئے فنڈز میں کمی کرتے ہوئے 150 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ سٹریٹجی پیپر کی آئندہ ہفتہ کابینہ سے منطوری لئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق وزیر خزانہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی مفاد اور توقعات کو ترجیح دی جائے۔