الہ آباد: اووربلنگ، میٹر اتارنے پر کسان اتحاد کا لیسکو کیخلاف دھرنا، 7 کارکن گرفتار
الہ آ باد / ٹھینگ موڑ (نمائندہ نوائے وقت) لیسکو سب ڈویژن الہ آ باد کی جانب سے اوور بلنگ اور میٹر اتارنے کے خلاف پاکستان کسان اتحاد ضلع قصور کے کارکنوں نے چوک میں دھرنا دیا۔ کسان رہنما سردار اورنگزیب نے کہا 2 سو کارکنوں کے خلاف مقدمات خارج کئے جائیں،کئی سالوں سے تعینات واپڈا سب ڈویژن میں لائن سپرنٹنڈنٹ کو تبدیل کیا جائے یہ بجلی چوری کی جڑ ہیں جبکہ کنگن پور سے آ نے والی رینجرز سکول کی ویگن کو روکنے پر رینجرزکے جوانوں نے مقامی صحافیوں، کارکنوں اور شہریوں پر شدید تشدد کیا، زمینداروں نے ٹرالے چھوڑ کر دوڑیں لگا دیں، 7افراد کو گرفتار کر لیا۔ چند روز قبل لیسکو سب ڈویژن الہ آ باد میں ٹیوب ویلوں کے کنکشن کاٹے جانے پر ہاتھا پائی ہوئی تھی، پولیس نے چار افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ واپڈا ملازمین کے رویے اور مقدمہ درج کر وانے کے خلاف کسا ن اتحاد رہنمائوں اور کارکنوں نے چو ک الہ آ باد کو چاروں طرف ٹریکٹر ٹرالے لگا کر بند کر دیا اور شامیا نے لگا کر دھرنا دے دیا ۔رہنما ئو ں کا کہنا تھا ہمارے کا رکنو ں کی رہا ئی اور اوور بلنگ ختم نہ کی گئی تو دھرنا جا ری رہے گا۔ ایس ایچ او الہ آ باد چوک میں پہنچے تو کارکنوں نے ان کے سامنے انو کھا احتجاج کیا۔ انہوں نے ڈھول کی تھاپ پر خوب بھنگڑا ڈالا اور ایس ایچ اوسے کا رکنان کی رہا ئی تک مذاکرات سے انکار کیا۔کنگن پور رینجر پبلک سکو ل کی و یگن جب الہ آ باد بائی پاس پہنچی تو ویگن ڈرائیور نے راستہ دینے کو کہا تو کا رکن مشتعل ہو گئے اور ڈرائیور پر تشدد کر کے زخمی کر دیا، ویگن کے سکیورٹی گارڈ کے گن نکالنے پر کارکنوں نے ڈرائیور کی جان چھوڑی۔ بعد میں ڈرا ئیور کی کال پر کنگن پور اور چو نیا ں سے رینجرز کی گاڑیاں چوک میں پہنچیں توکسان اتحاد کے کارکنو ں اور رہنمائوں نے دوڑیں لگا دیں۔ رینجرز کے جوانوں نے کارکنوں سمیت چوک میں موجود ہر شخص اور مقامی صحافیوں کو شدید تشدد کا نشا نہ بنایا۔ ٹرالے رینجر اور پو لیس نے قبضے میں لے لئے اور کسانوں کی گرفتاری کے لئے چھا پے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ حاجی اسماعیل ،جاوید شیخ اور چودھری الطاف نے سکول کے بچوں کی وین کے شیشے توڑ کر بچوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی۔