کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا، سول آرمڈ فورسز اور خفیہ ادارے آپس میں رابطے بڑھائیں: وزیر داخلہ
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سول آرمڈ فورسز‘ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ملک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطہ کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ درپیش سکیورٹی چیلنجز پر قابو پایا جاسکے۔ پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں سول آرمڈ فورسز کے سربراہوں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران انہوں نے سول آرمڈ فورسز پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جو ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے س بہت زیادہ ہیں، کے ساتھ موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کو پورا کرنے کیلئے ایک جامع فریم ورک تیار کریں۔ اس موقع پر اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل خاور حنیف‘ رینجرز پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق‘ ایف سی بلوچستان کے آئی جی میجر جنرل شیر افگن‘ ایف سی کے پی کے کے آئی جی میجر جنرل ایم طیب اعظم‘ رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اختر‘ ڈائریکٹر جنرل کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر شہزد اختر‘ ڈائریکٹر جنرل سکائوٹس گلگت بلتستان بریگیڈیئر فاروق اعظم‘ ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس اور وزارت داخلہ کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول آرمڈ فورسز ملک کی سلامتی کے لئے گراں قدر کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے فرائض کی ادائیگی میں جانیں قربان کرنے والے سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ملک کے اصل ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے خدمات سرانجام دینے والوں کا قوم بڑا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولت اور امداد فراہم کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سول آرمڈ فورسز کو درپیش مالی مسائل سے آگاہ ہیں۔ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ سیکیورٹی کے لئے اخراجات ملک کی سلامتی کے لئے انویسٹمنٹ ہے۔ حکومت نے اس سال سول آرمڈ فورسز کے 28 شعبوں کے قیام کے لئے 30 ارب روپے مختص کئے۔ اجلاس کے دوران ڈی جی رینجرز سندھ نے بتایا کہ رینجرز کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر آپریشن کر رہی ہے جس کے باعث شہر میں جرائم میں نمایاںکمی آئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ ایف سی بلوچستان جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز کر رہی ہے۔ سرحدی سلامتی‘ اہم مقامات اور ریاستی املاک کے تحفظ‘ پوست کی کاشت کے خاتمہ کے لئے کوششیں کر رہی ہے جس کے نتیجے میں صوبے کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن اور صوبے میں ریاست کی رٹ قائم کرنے کے علاوہ ایف سی بلوچستان تعلیمی شعبہ کے لئے بھی کردار ادا کر رہی ہے جس نے نوجوانوں کی تعلیمی سہولت کے لئے متعدد سکولز اور ہاسٹلز قائم کئے۔