• news

معذور افرادکا کوٹہ: نوکریاں نہ دینے کیخلاف درخواست، وفاق، پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے معذور افرادکو سرکاری ملازمتوں میں طے شدہ تین فیصد کوٹے کے مطابق نوکریاں فراہم نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدائت کر دی۔ درخواست گزار محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ملکی آئین کے برعکس معذور افراد کو شہری کا درجہ ہی نہیں دیا جا رہا اور ان کے حقوق سلب رکھے گئے ہیں جسکی وجہ سے معذور اور نابینا افراد سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہیں۔ عدالت نابینا افراد کے کوٹے کے مطابق انہیں سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے احکامات دے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں عرفان اکرم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے اپنے تمام اداروں کو معذوروں کے تین فیصد کوٹے پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت آٹھ مئی تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدائت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن