جنرل راحیل شریف اور سہیل امان سے اردنی ائرچیف کی ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اردن کی شاہی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل منصور سلیم الجبور نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں دونوں عسکری قائدین نے باہمی د لچسبی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ اردن کی فضائیہ کے سربراہ نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کی تعریف کی۔ فضائیہ کے پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ اردن کی شاہی فضائیہ کے ایک وفدنے کمانڈر رائل اردن ائیرفورس، میجر جنرل منصور سلیم الجبور کی سربراہی میں ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ گارڈ آف آنر کے معائنہ کے بعد پرنسپل سٹاف آفیسر ز کا معزز مہمان سے تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں کمانڈررائل اردن ائیرفورس نے ائیرچیف مارشل سہیل امان سے انکے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔رائل اردن فضائیہ کے وفد کو ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میںانہیں پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچہ اور پیشہ ورانہ کردار سے آگاہ کیا گیا۔ رائل اردن فضائیہ کا وفد پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے چار روزہ دورے پر آیا ہوا ہے ۔ اس دوران وفد پاک فضائیہ کے مختلف ائیر بیسز اور تنصیبات کا معائنہ کرے گا۔