استعفیٰ استعفیٰ ہوتا ہے چاہے احتجاج میں دیا جائے، وزیراعلی ڈاکٹر انجینئر بھی ہوتا ہے، پرویز خٹک نے طوفان متاثرین کا مذاق اڑایا: اکرم درانی
اسلام آباد (آئی این پی) جے یو آئی کے رہنما اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر‘ انجینئر بھی ہوتا ہے، پرویز خٹک کے بیان سے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی ہوئی۔ تحریک انصاف ایوان میں اجنبی ہے، اپنے موقف پر قائم ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی میں 90 روز کے اندر بلدیاتی الیکشن کرانے کا دعویٰ کرنے والے اب تک کامیاب کیوں نہیں ہورہے، بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشن پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں میں بنا رہے ہیں، کوئی حادثہ ہوا تو ایف آئی آر ڈپٹی کمشنر کے خلاف درج کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفان سے کے پی حکومت ایک بار پھر بے نقاب ہوگئی ہے، میں ڈاکٹر نہیں ہوں کا بیان دیکر وزیراعلیٰ نے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کی، انہوں نے کہا کہ میں 2005ء کے زلزلے کے دو گھنٹوں میں ہزارہ پہنچ گیا تھا، تمام اختیارات کمشنر چیف سیکرٹری کو سونپے۔ یہ کیسی حکومت ہے، فنڈز لیپس ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ استعفیٰ ہوتا ہے چاہے احتجاج میں ہی کیوں نہ دیا جائے۔