ڈی آئی خان، گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ، اہلکار شہید: پشاور میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان + پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ڈیرہ اسماعیل خان میں حتالہ روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے جبکہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں بم دھماکے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں حتالہ روڈ پر سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد کو اس وقت ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا جب سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی قریب آئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید، 4 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ پشاور کے علاقے حیات آباد میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق دھماکہ معمولی نوعیت کا تھا۔ دھماکے سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق بارودی مواد ایک سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور اس کا اصل ٹارگٹ وہاں سے گزرنے والا سکیورٹی فورسز کا قافلہ تھا تاہم دھماکہ قافلے کے گزرنے کے بعد ہوا جس کے باعث وہاں سے گزرنے والا ایک شہری اس کی زد میں آگیا اور جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہو گیا۔