بہار بیگم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے گولڈن جوبلی تقریب
لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ بہار بیگم کی پچاس سالہ فلمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان نے لاہور آرٹس کونسل (الحمرا) کے اشتراک سے گذشتہ روز الحمرا ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن و ثقافت پنجاب رانا محمد ارشد تھے۔ مقررین میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطا محمد خان، مصطفیٰ قریشی، ہدایتکار حسن عسکری، پرویز کلیم، دردانہ رحمان، غلام محی الدین، معروف گلوکارہ اور اداکارہ شاہدہ منی، فلمساز سہیل بٹ، فلمساز میاں امجد فرزند، عبدالغفور بٹ، قوال شیر میانداد، اداکار راشد محمود، حیدر سلطان اور طافو خان شامل تھے۔ مقررین نے اداکارہ بہار بیگم کی شخصیت اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بہار بیگم ملک کی بڑی اداکارہ ہیں اور ہمارا اثاثہ ہیں۔ ان کی فلمی خدمات قابل تحسین ہیں۔ اس موقع پر اداکارہ ہنی چودھری، اداکارہ سنہری خان، اداکارہ آمنہ سمیت متعدد اداکاراؤں نے بہار بیگم پر فلمسائے گئے گیتوں پر پرفارم کیا۔ تقریب کے اختتام پر کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان کی طرف سے بہار بیگم کو پھول پیش کئے گئے۔