• news

رقص کا عالمی دن آج منایا جائیگا، پروگرام 16 مئی تک جاری رہیں گے

لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل (الحمرا) صاف ستھری اور معیاری ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ 29 اپریل کو دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے لاہور آرٹس کونسل نے انسٹی ٹیوٹ آف پرفارمنگ آرٹس کے تعاون سے پروگرام ترتیب دئیے ہیں جو 29 اپریل سے شروع ہو کر 16 مئی تک جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور آرٹس کونسل (الحمرا) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے گذشتہ روز الحمرا میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف پرفارمنگ آرٹس کی نگہت چودھری اور وہاب شاہ بھی موجود تھے۔ عطا محمد خان نے کہا کہ الحمرا کے پاس پاکستان کی اصل ثقافت کو پرموٹ کرنے کا مینڈیٹ ہے۔ کوشش کی ہے کہ کمرشل سٹیج ڈرامے کو معیاری بنایا جائے۔ اچھے موضوعات پر سیمینارز کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا اور کوشش کی الحمرا میں ایسی تفریح ہو جو ہماری ثقافتی اقدار کے مطابق ہو۔ ڈانس کے عالمی دن پر ڈانس فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ا رقاصہ نگہت چودھری نے کہا کہ ڈانس کے عالمی دن پرڈانس فیسٹیول کا اہتمام کیا ہے۔ وہاب شاہ نے کہا کہ فیسٹیول کا دوسرا پروگرام کل الحمرا میں پیش کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن