کراچی آپریشن منطقی انجام تک بلاتفریق جاری رہیگا‘ تمام مافیاز کا خاتمہ کرینگے : جنرل راحیل
راولپنڈی+ کراچی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں ٹارگٹ کلرز اور ا ن کے معاونین کی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کے ساتھ ملکر کراچی سے مافیاز کا خاتمہ کریں گے، کراچی آپریشن کے منطقی انجام تک بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی، کراچی میں امن ملکی معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے، آپریشن سے جرائم اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی آئی ہے‘ انٹیلی جنس ایجنسیاں اور رینجرز مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ کیا اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ کراچی آپریشن سے جرائم اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی آئی اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ آرمی چیف نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کراچی سے ٹارگٹ کلرز اور ان کے معاونین کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ آرمی چیف نے این اے 246 میں پر امن ضمنی الیکشن کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی۔ شہریوں کی فلاح کیلئے کراچی میں امن اولین ترجیح ہے۔ کراچی میں امن ملکی معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے۔ آرمی چیف نے کہا معروف شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی سازش کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے ایجنسیوں اور رینجرز کو منصوبہ سازوں کا سراغ لگانے کی ہدایت کی اور کہاکہ انٹیلی جنس ایجنسیاں اور رینجرز مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائیں۔ کراچی میں قتل کی حالیہ وارداتیں ایک مخصوص پیٹرن پر ہورہی ہیں۔
جنرل راحیل