ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات جلد کرانیکی درخواست غیرموثر قرار دیکر نمٹا دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کے لئے دائر درخواست غیرموثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔ ہائیکورٹ کے روبرو درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی جمہوریت کے دوام کے لئے بلدیاتی انتخابات کرانا لازمی قانونی تقاضا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنائے بغیر حقیقی جمہوریت کو مضبوط کیا جا سکتا اور نہ ہی اس کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کے روبرو الیکشن کمشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ستمبر میں کرانے کا شیڈول پیش کیا جا چکا ہے اور عدالت عظمیٰ طے شدہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات بھی صادر کر چکی ہے لٰہذا یہ درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔