گلگت بلتستان میں11 مذہبی تنظیموں پر پابندی عائدکر دی گئی
گلگت بلتستان( آن لائن) یہاں صوبائی وزارت داخلہ نے 11 مذہبی اور عسکری تنظیموں پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔گلگت کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مراسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام 7 اضلاع کی انتظامیہ سے ان کالعدم قرار دی جانے والی تنظیموں پر نظر رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔گلگت بلتستان میں جن مذہبی اور عسکری تنظیموں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں تحریک طالبان پاکستان،شیعہ طلبہ ایکشن کمیٹی، مرکزی سبیل اورگنائزیشن گلگت، تنظیم نوجوانان اہل سنت، اہل سنت والجماعت، انجمنِ امامیہ گلگت بلتستان، مسلم اسٹوڈینٹ اورگنائزیشن، تنظیم اہل سنت والجماعت، تحریک جعفریہ پاکستان، تحریک اسلامی اور خانہ حکمت شامل ہیں۔وزارت داخلہ گلگت بلتستان نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ کالعدم قرار دی جانے والی تنظیموں کو کسی قسم کی کوریج فراہم نہ کرے۔محکمہ کی جانب سے یہ بھی کہا ہے کہ ان تنظیموں کی جانب سے خطے میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے والی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے۔