اصغر خان کیس: ایف آئی اے لاہور نے غلام مصطفی کھر اور بیگم عابدہ حسین کو بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کرلیا
لاہور ( خبرنگار) ایف آئی اے لاہور نے اصغر خان کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر اور سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر اور امریکہ میں سابق سفیر بیگم عابدہ حسین کو شامل تفتیش ہونے اور اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اصغر خان کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے جس میں انہوں نے مختلف سیاسی رہنمائوں، سینئر صحافیوں، فوجی افسران اور دیگر شخصیات کو تفتیش کیلئے طلب کرنا شروع کردیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے صحافی الطاف حسن قریشی ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے 5 لاکھ روپے کی وصولی کے بارے سوال پر اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ اب ایف آئی اے نے بیگم عابدہ حسین اور غلام مصطفی کھر باقاعدہ سمن بھیج کر طلب کرلیا ہے۔