منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے 17 سال پہلے دائر زرداری کی درخواست کی سماعت 11 مئی تک ملتوی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے17سال پہلے دائر کی گئی سابق صدر آصف زرداری کی درخواست کی سماعت11مئی تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو آصف زرداری کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ جس پر سماعت کسی کارروائی کے بغیر اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔ سابق صدرآصف زرداری نے1998ء میں منشیات کا مقدمہ خارج کر نے کیلئے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ بریت کے کیس کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت بنچ موجود نہ ہونے کے باعث نہیںہو سکی تھی۔ لاہور کی ٹرائل کورٹ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اس کیس میں پہلے ہی بری کر چکی ہے۔