ملالہ حملہ کیس: 10 دہشت گردوں کو عمر قید کی سزا
سوات (نوائے وقت نیوز + نیٹ نیوز) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پر حملے میں ملوث 10 دہشتگردوں کو عمرقید کی سزا سنا دی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سزا سنائی۔ سوات کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ملزموں میں ظفر اقبال، اسرار الرحمان، اظہار، ظفر علی، سلیمان، عرفان، شوکت، حضرت عمر، اکرام اللہ اور عدنان شامل ہیں۔ ملزموں نے 9 اکتوبر 2012 میں مینگورہ میں ملالہ پر حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ ملزمان کو مینگورہ اور ملحقہ علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملالہ یوسفزئی کی عمر اْس وقت عمر 15 سال تھی اور سکول سے وین میں گھر جاتے ہوئے ایک حملے میں ان کے سر پر گولی لگی تھی۔ اس حملے میں ان کے ساتھ دو اور طالبات شازیہ اور کائنات زخمی ہوگئی تھیں۔انہیں 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے امن کا نوبل انعام دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دس مجرموں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان سے ہے۔ حملے کا مرکزی ملزم عطاء اللہ جس کا تعلق سوات کے علاقے سنگوٹہ سے تھا وہ افغانستان فرار ہو گیا تھا۔ جس کے بعد 2013 اور 2014 میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے حملے میں معاونت کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن کی شناخت خفیہ رکھی گئی تھی۔