پاکستان بھارت کو ہرا کر 17 سال بعد ایشین سنوکر چیمپئن بن گیا
لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس/خصوصی رپورٹر) پاکستانی کیوسٹ حمزہ اکبر نے ایشین سنوکر کا فائنل جیت کر 17 سال بعد پاکستان کو ایشین سنوکر کا چیمپئن بنا دیا۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 31ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ اکبر کا مقابلہ بھارت کے پنکج ایڈوانی سے ہوا۔ بیسٹ آف 13 فریمز پر مشتمل فائنل میں 22 سالہ حمزہ نے چھ کے مقابلے میں سات فریمز سے کامیابی حاصل کی۔ 1998 میں پاکستان کے محمد یوسف نے ایشین سنوکر چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر آئی پی سی میاں ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری آئی پی سی اعجاز چودھری اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اشتر نواز گنجیرا ‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایشین سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ اکبر کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حمزہ اکبر نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ پوری قوم کوان پر فخر ہے۔ حمزہ اکبرنے ایشین سنوکر ٹائٹل کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ملائیشیا جا رہا تھا تو سوچ رہا تھا کہ اس بار مجھے یہ چیمپئن شپ جیتنی چاہئے لیکن یہ اتنا آسان بھی نہ تھا خصوصاً فائنل میں مقابلہ ایک ایسے کھلاڑی سے تھا جو پہلے عالمی چیمپئن شپ اور ایشین گولڈ میڈل جیت چکا ہو۔میں کوچ نے میری غلطیوں کی نشاندہی کی اور مجھے حوصلہ دیا جیت کا کریڈٹ ان کو دیتا ہوں۔سنوکر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ مسلسل مجھے حوصلہ دیتے رہے کہ میں یہ ٹائٹل جیت سکتا ہوں۔ حکومت کو سنوکر کی مالی سرپرستی کرنی چاہئے کیونکہ یہ کھیل مسلسل پاکستان کیلئے اعزازات جیت رہا ہے۔پاکستان سنوکر فیڈریشن ملک میں سنوکر کے فروغ کے لئے بہت کام کر رہی ہے اس نے فیصل آباد میں اکیڈمی بھی بنائی ہے جس کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا ہے لیکن حکومت نے ابھی تک ہمارے کھلاڑیوں کی انعامی رقم روکی ہوئی ہے جس سے کھلاڑی دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں لیکن پھر بھی اپنے شوق کی خاطر اس کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔