کھلنا ٹیسٹ: محمد حفیظ کی ڈبل سنچری، پاکستان کے 5 وکٹوں پر 537 رنز: پہلی اننگز میں 205 رنز کی برتری
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اوپنر محمد حفیظ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔کھلنا ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے نامکمل اننگز 227 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو محمد حفیظ اور اظہر وکٹ پر موجود تھے۔ 277 کے مجموعی سکور پر اظہر83 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ دوسری وکٹ کے لیے 227 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ یونس نے حفیظ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 62 رنز کی ساجھے داری قائم کی ۔ یونس33رنز بناکر بولڈہوئے۔ محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ 402 کے مجموعی سکور پر حفیظ سوئپ کرنے کی کوشش میں لیگ سلپ کو کیچ دے بیٹھے۔انہوں نے 224 رنز کی اننگز کھیلی۔مصباح نے اسد شفیق کے ساتھ بھی 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 59 رنز سکور کرنے کے بعد وہ آئوٹ ہو گئے۔ سرفراز احمد اور اسد شفیق چھٹی وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں جس میں سرفراز کا حصہ 51 رنز رہا جبکہ اسد بھی 51 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھا رہے۔جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 537 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش پر 205 رنز کی بھاری برتری حاصل ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔